غریب طوس امام رضا علیہ السلام کا مختصر تعارف
حضرت ابوالحسن علی ابن موسی الرضا (علیہ السلام) کی کنیت "ابوالحسن" ہے اور زیادہ مشہور لقب "رضا" ہے ۔ آپ کے دیگر القاب صابر، زکی، ولی، وفی، سراج الله، نورالہدی، قرة عین المؤمنین، مکیدة الملحدین، کفو، الملک، کافی الخلق ہیں۔
آپ کی شہر مدینہ میں ولادت ہوئی۔ مرحوم کلینی نے آپ کی ولادت ۱۴۸ ہجری قمری نقل کی ہے۔
آپ ۲۰ سال مقام امامت پر فائز رہے۔ آپ کے والد گرامی، ساتویں امام حضرت امام موسی کاظم (علیہ السلام) ہیں۔ آپ کی والدہ ماجدہ کا اسم گرامی تکتم تھا، جب حضرت امام رضا (علیہ السلام) کی ولادت ہوئی تو حضرت امام موسی کاظم (علیہ السلام) نے "تکتم" کو طاہرہ کا نام دیا-
آپ کی ایک زوجہ تھیں جن کا اسم گرامی سبیکہ تھا جن کے بارے میں کہا گیا کہ وہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی زوجہ ماریہ کے خاندان میں سے تھیں۔
آپ کی اولاد کی تعداد اور ان کے ناموں کے بارے میں مورخین میں اختلاف ہے۔ بعض نے پانچ بیٹوں اور ایک بیٹی کے نام ذکر کیے ہیں، بعض نے تین بیٹے اور ایک بیٹی بتائی ہے۔
حضرت امام موسی کاظم (علیہ السلام) کی شہادت کے بعد امام رضا (علیہ السلام)35 سال کی عمر میں مقام امامت پر فائز ہوئے۔
حضرت امام رضا (علیہ السلام) کی مدینہ سے مرو کی طرف ہجرت ۲۰۰ یا ۲۰۱ ہجری قمری میں واقع ہے۔
فرزندرسولۖ، سلطان عرب و عجم حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام گیارہ ذی القعدہ ایک سو اڑتالیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے اور صفر کے مہینے کی آخری تاریخ میں آپ کی شہادت ہوئی۔ امام رضا علیہ السلام کے علم کا اتنا شہرہ تھا کہ رضا کے ساتھ ساتھ آپ کو عالم آل محمد کے نام سے بھی شہرت حاصل تھی- آپ کا اسم گرامی علی اور کنیت ابوالحسن ہے۔
مشہدالرضا سمیت ایران بھر میں آج فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال بڑے پیمانے پر آپ کی شہادت کے مراسم برپا نہیں ہو رہے تاہم اس کے باوجود طبی اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ایران کے کونے کونے میں مجالس عزا کا انعقاد جاری ہے۔
حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک سمیت دارالحکومت تہران، مقدس شہر قم اور ایران کے دیگر شہروں میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔
خانہ فرھنگ اسلامی جمہوریہ ایران پشاور غم و اندوہ کے اس موقع پراپنے تمام ناظرین، سامعین اور کرم فرماوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔