خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران پشاور میں، اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلیٹ جنرل اور خانہ فرہنگ کی اشتراک سےشہیدجنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر "شہدائے اسلامی وحدت" کے عنوان سے ایک کانفرنس منعقد ہوئی۔جس میں ایرانی قونصلیٹ کے ڈپٹی قونصل جنرل جناب سید ابراہیم دہنادی، خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل جناب مہران اسکندریان،ممبرصوبائی اسمبلی جناب فضل الہی، اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے چیئرمین جناب ڈاکٹر قبلہ ایاز، سٹی یونیورسٹی آف پشاور کے وائس چانسلر جناب پروفیسر ڈاکٹر منہاج الحسن، اور دیگر سیاسی ، مذہبی ، علمی شخصیات کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے، شہیدجنرل قاسم سلیمانی سےمحبت کرنے والے اور عقیدت مندوں کی ایک بڑیتعداد نے بھی شرکت کی۔
سید ابراہیم دہنادی نے کہا کہ شہید سلیمانی کو داعش اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں ان کی ہمت، وژن اور انوکھے کردار کے لئے یاد کیا جائے گا۔ جس دن ہر شخص خونخوار داعش کے چنگل سے عراقی اور شامی عوام کو بچانے سے مایوس ہو گیا تھا، تو یہ عظیم سردار خطے کے مظلوم عوام کی مدد اور دادرسی کیلئے پہنچ گیا۔ دشمن کے ساتھ مقابلہ میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کی مقبولیت اور کامیابی اور دنیا کے عوام کے دلوں میں ان کا مقام ہمیشہ زندہ رہے گا۔
خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹرجنرل مہران اسکندریان نے شہادت کے فلسفے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا اس ظلمانی اور تفرقہ انگیز دور میں قاسم سلیمانی اور ابو مہدی مہندس جیسے ستاروں نے وحدت اسلامی کے پرچم کو اپنے ہاتھوں سے بلند کیا تاکہ فتنہ پروروں کا مقابلہ کر سکیں ۔
ایم پی اے فضل الہی ، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور بقیہ مقررین نے شہید سلیمانی اور ابو مہدی مہندس کی اسلام کی سربلندی اور اسلامی وحدت کے لئے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔
اس تقریب میں اے پی ایس فورم کے شہدا نے شرکت کی اور ایران کے سپریم لیڈر کے لئے ایک شمشیر کا تحفہ ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل کے حوالے کیا۔